پاکستان 10

فیلڈ مارشل سے لبنانی وزیرِ داخلہ کی ملاقات، سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن) لبنان کے وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار نے پاکستان کے دو روزہ دورے کے دوران جنرل ہیڈ کوارٹرز میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور سکیورٹی کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے سکیورٹی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

چیف آف ڈیفنس فورسز اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

دوسری جانب لبنانی وزیر داخلہ و بلدیات نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں