راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق انڈونیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں جانب سے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان موجودہ عسکری تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ تربیت، دفاعی تعاون اور مشترکہ فوجی مشقوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔فیلڈ مارشل نے دفاع اور سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور انڈونیشیا کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا، ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات کا اعتراف کیا۔









