نہال ہاشمی 13

فری لانسرز پاکستان کی مستقبل کی افرادی قوت ہیں، گورنر سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان کے فری لانسرز ملک کی ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل افرادی قوت ہیں، جو قومی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ قیمتی زرمبادلہ کما رہے ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں، نوجوانوں کو جدید آئی ٹی، کاروباری اور مارکیٹ سے متعلق مہارتوں سے آراستہ کرکے ڈیجیٹل معیشت میں ملک کا کردار مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔

وہ پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن (PAFLA) کے زیر اہتمام منعقدہ پہلی نیشنل ریکگنیشن تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں آئی ٹی انڈسٹری، ڈیجیٹل اکانومی، تعلیمی اور کاروباری شعبوں سے وابستہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کی بڑی نوجوان آبادی ملک کے مستقبل کی تشکیل اور سماجی و معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی، آئی ٹی، کاروباری اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور گورنر ہاؤس کے تعاون سے سندھ کے نوجوانوں کے لیے مختلف اسکل ڈویلپمنٹ پروگرامز شروع کیے گئے ہیں، جن کا مقصد انہیں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا اور روزگار و کاروبار کے بہتر مواقع سے جوڑنا ہے۔

نہال ہاشمی نے بتایا کہ پاکستان میں تقریباً 30 لاکھ فل ٹائم اور پارٹ ٹائم فری لانسرز خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستانی فری لانسرز نے ڈیجیٹل خدمات کے ذریعے 1.76 ارب ڈالر سے زائد زرمبادلہ کمایا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت میں نوجوانوں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں، انہیں جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہوکر اپنی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ہوگا۔گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا وڑن ہے کہ 2030 تک پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو 25 ارب ڈالر تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کیا وہ اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے؟ ان کی اپیل پر تقریب میں موجود نوجوانوں نے ہاتھ بلند کرکے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ڈیجیٹل یوتھ ہب بھی لانچ کیا گیا ہے، جہاں نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنر، روزگار، کاروبار اور دیگر مواقع سے متعلق متعدد سہولیات دستیاب ہیں۔

نوجوان ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔وزیر مملکت و وزیراعظم کے معاون خصوصی فہد ہارون نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو ڈیجیٹل معیشت کا فعال حصہ بنانے اور فری لانسنگ کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے۔وزیراعظم یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فہد شفیق نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل اور مارکیٹ پر مبنی مہارتوں سے آراستہ کرکے ان کے لیے روزگار اور فری لانسنگ کے مزید مواقع پیدا کیے جارہے ہیں۔پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ابراہیم امین نے کہا کہ پاکستانی فری لانسرز ملک کے ان خاموش ہیروز میں شامل ہیں جو ملکی برآمدات اور زرمبادلہ میں مسلسل اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

پیافلا کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عمران بتادا نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے دور میں نوجوانوں کو اے آئی، ڈیٹا اینالیٹکس، سائبر سیکیورٹی اور دیگر جدید شعبوں میں مہارت حاصل کرنا ہوگی تاکہ وہ عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ میں کامیابی سے مقابلہ کرسکیں۔دیگر مقررین نے بھی پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے فری لانسنگ کے شعبے کو مزید فروغ دینے اور نوجوانوں کو عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ سے مؤثر انداز میں جوڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔تقریب کے اختتام پر گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 45 پاکستانی فری لانسرز میں شیلڈز تقسیم کیں۔ شیلڈ حاصل کرنے والوں میں ساجد جمیل، خدیجہ شہزاد، وقار، زیشان اور دیگر شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں