لاہور(رپورٹنگ آن لائن )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ملکی چیلنجز سے نمٹنے اور معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے سیاسی و قومی سطح پر مضبوط اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے،تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت اپنے رہنمائوں کو غیر ضروری بیان بازی سے روکیں کیونکہ باہمی الزام تراشی اور تلخ بیانات قومی مفاہمت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن رہے ہیں۔
اپنے بیان میںاشرف بھٹی نے کہا کہ سیاسی اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں لیکن قومی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جانا چاہیے۔ معاشی استحکام، روزگار کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے سیاسی ماحول میں استحکام ناگزیر ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ذاتی و جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد کیلئے ایک میز پر بیٹھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بامقصد مذاکرات سے کئی مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔ تاجروں اور کاروباری برادری کو بھی پالیسی سازی میں اعتماد میں لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو محاذ آرائی نہیں بلکہ اتحاد، برداشت اور مفاہمت کی سیاست کی ضرورت ہے۔









