ہارون اختر خان 12

فارماسیوٹیکل کو درپیش مسائل کا حکومتی سطح پر ترجیحی بنیاد پر حل یقینی بنایا جائے گا، ہارون اختر

اسلام آبا د(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت ملکی صنعت کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے، فارماسیوٹیکل کو درپیش مسائل کا حکومتی سطح پر ترجیحی بنیاد پر حل یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اڑان پاکستان کے تحت فارماسیوٹیکل برآمدات میں سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے منعقدہ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ہارون اختر خان نے کہا کہ اڑان پاکستان ملکی معیشت کے تمام اہم شعبہ جات کا احاطہ کرتا ہے اور اس کے فریم ورک کے تحت ملکی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مربوط انداز میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مسائل بالخصوص برآمدات میں اضافے سے متعلق چیلنجز اڑان پاکستان کے فریم ورک کے تحت حل کرنا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فارماسیوٹیکل شعبہ ملکی برآمدات میں نمایاں اضافے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے جس سے استفادہ کرنے کے لیے حکومت اور صنعت کے درمیان موثر رابطہ ضروری ہے۔وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی ملکی معیشت کی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور مختلف شعبوں کی ترقی کے لیے جامع منصوبہ بندی اور پالیسی سازی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت صنعت و پیداوار ملک میں صنعتی ترقی کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے اور صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

ہارون اختر خان نے یقین دہانی کرائی کہ فارماسیوٹیکل صنعت کو درپیش تمام مسائل اور رکاوٹوں کا جائزہ لے کر انہیں جلد از جلد حکومتی سطح پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ صنعت کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے نجی شعبے کی تجاویز کو پالیسی سازی میں اہمیت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد صنعتی شعبے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا، پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنا اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنانا ہے۔ہارون اختر خان نے کہا کہ فارماسیوٹیکل صنعت میں برآمدات کے وسیع امکانات موجود ہیں جنہیں موثر پالیسی، سہولت کاری اور حکومتی و نجی شعبے کے باہمی تعاون کے ذریعے عملی طور پر بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں