کراچی ( رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ آزادی کا دن ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔اسلاف، قائدین اور بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا مقصد آج کی نسل کو آزاد ملک میں سکون سے سانس لینے کا موقع دینا تھا۔
آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے، اس کی قدر کرنا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے سینٹ پیٹرک ہائی اسکول میں جشن آزادی کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنرسند ھ نے مزید کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر آگے لے جانا اب آپ بچوں کی ذمہ داری ہے۔آنے والے وقت میں آپ نے ہی پاکستان کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے۔
نوجوان خود کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کریں۔ہر بچہ اپنے گھر میں کم از کم ایک پودا یا پھول ضرور لگائے۔انہوں نے کہا کہ بچے اپنے گھروں، اسکول اور ماحول کو خوبصورت اور سرسبز بنائیں۔شجرکاری کے ذریعے پاکستان کو سرسبز و شاداب اور آلودگی سے پاک بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ پیٹرک ہائی اسکول پاکستان کے قدیم ترین اور معتبر ترین تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے۔
سینٹ پیٹرک ہائی اسکول نے ہمیشہ علم اور اخلاقیات کا پرچم بلند رکھا ہے۔سینٹ پیٹرک ہائی اسکول کے فارغ التحصیل طلبہ نے مختلف شعبوں میں ملک و قوم کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ پیٹرک ہائی اسکول سے ذہین اور مایہ ناز طلبہ نے سیاست، بیوروکریسی، عدلیہ اور افواج سمیت مختلف شعبوں میں خدمات انجام دیں۔ سینٹ پیٹرک ہائی اسکول میں جشنِ آزادی کے حوالے سے خصوصی تقریب میں گورنرسندھ بطور مہمان خصوصی شریک تھے۔ گورنر سندھ نے اسکول انتظامیہ اور بچوں کے ہمراہ آزادی کا کیک کاٹا۔ یومِ آزادی کے موقع پر بچوں نے ملی نغمے اور شاندار ٹیبلو پیش کیے۔پرنسپل ریورنڈ فادر ماریو اینجیلو روڈریگز نے استقبالیہ خطاب کیا۔









