ملک محمد احمد خان 10

آزادی عظیم قربانیوں کا ثمر، اس کی حفاظت اور تقاضوں کو سمجھنا قومی ذمہ داری ہے’ سپیکرملک محمد احمد خاں

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی ایک عظیم نعمت اور بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے، جس کی قدر، حفاظت اور اس کے تقاضوں کو سمجھنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔

سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ 14 اگست محض جشنِ آزادی کا دن نہیں بلکہ آزادی کی قدر، اس کی حفاظت اور قومی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ آزادی کے حصول کے لیے نسلوں نے جدوجہد کی اور بے مثال قربانیاں دیں، اس لیے اس عظیم نعمت کی حفاظت ہر پاکستانی کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا آزادی ہمیں صرف خوشیاں منانے کا حق نہیں دیتی بلکہ اپنے وطن کو امن، ترقی، عدل اور خوشحالی کی راہ پر آگے بڑھانے کی ذمہ داری بھی سونپتی ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں۔ قوم اپنے شہداء کی حرمت اور ان کی عظیم قربانیوں کی قدر سے بخوبی آگاہ ہے۔

سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے مقابلے میں افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرأت، عزم اور بہادری قابلِ تحسین ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی کامیاب سفارت کاری اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی دفاعی صلاحیت قابلِ تحسین ہے۔ مکہ مکرمہ میں ہونے والا مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان باہمی اعتماد، دفاعی تعاون اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کی اہم علامت ہے۔ مکہ مکرمہ کا یہ تاریخی دفاعی معاہدہ پاکستان کی سفارتی اور دفاعی اہمیت کا واضح اعتراف بھی ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سلامتی کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

موجودہ حالات میں پاکستان نے سفارتی اور دفاعی محاذ پر اپنی صلاحیتوں، عزم اور قومی قوت کا مؤثر اظہار کیا ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کو محفوظ، مضبوط اور روشن بنانے کے لیے قومی یکجہتی، آئین و قانون کی بالادستی، محنت اور اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دینا ہوگا۔ ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان ہی ہمارے بزرگوں اور شہداء کی قربانیوں کا حقیقی ثمر ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملکِ عزیز پاکستان کو ہر میدان میں کامیابی، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے اور پوری قوم کو اپنی آزادی کی قدر و حفاظت کرنے اور وطنِ عزیز کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں