سردار سلیم حیدر خان 21

عوام کو بنیادی اور طبی سہولیات فراہم کرنا پیپلز پارٹی کی ترجیحات ہیں’ سردار سلیم حیدر خان

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی اور طبی سہولیات فراہم کرنا پیپلز پارٹی کی ترجیحات ہیں، ڈائیلا سز سنٹر کے قیام سے مقامی سطح پر لوگوں کو علاج کی سہولت میسر ہوگی،ڈاکٹر سکندر حیات ڈائیلا سزسینٹر گردوں کے مریضوں کے لئے موثر ترین ذریعہ ثابت ہوگا۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال حسن ابدال میں ڈاکٹر سکندر حیات ڈائیلا سز سینٹر کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر پنجاب کی آمد پر حسن ابدال کی عوام نے ان کاپرتپاک استقبال کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردارسلیم حیدرخان نے کہا کہ حسن ابدال میں ڈاکٹر سکندر حیات ڈائیلا سز سینٹرکے قیام سے مقامی سطح پر لوگوں کو علاج کی بہترین سہولت میسر ہوگی۔اُنہوں نے کہا کہ ڈائیلا سز سینٹر کا قیام علاقے کے عوام کی اہم ضرورت اور درینہ مطالبہ تھا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اب حسن ابدال کی عوام کو ڈائیلا سز کے لئے اسلام آباد اور راولپنڈی جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔اُنہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی اور طبی سہولیات فراہم کرنا پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ عوامی خدمت اورصحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ پنڈی گھیپ اورفتح جنگ میں ڈائیلا سز سینٹر بخوبی کام کررہے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ فتح جنگ میں تھیلسیمیا سینٹر اور بلڈ بنک بھی فعال ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ عوام کو سرکاری سہولیات ان کے قریبی علاقوں میں فراہمی کے لئے اقدامات جاری ہیں۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ چین کی جانب سے فراہم کردہ امدادکے ذریعے ڈھرنال میں ڈسپنسری بھی قائم کی گئی ہے۔

اُنہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اٹک سمیت گردو نواح کے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھا دیں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تمام تر عوامی منصوبہ جات ذاتی اور مخیر حضرات کے تعاون سے کئے جارہے ہیں۔افتتاحی تقریب میں پیپلز پارٹی راولپنڈی کے صدر سردار اشعر حیات خان، پیپلز پارٹی کے رہنما سردار ذوالفقار حیات خان اور حاجی شیخ امین سمیت پارٹی کے سینئر رہنما موجود تھے۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں