عمران خان 11

عمران خان نے پہلے علیحدگی کی تجویز دی، میں ایسا کبھی نہ کرتی، اونتیکا کا انکشاف

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)اونتیکا ملک نے عمران خان کے ساتھ اپنی شادی کے خاتمے پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہاہے کہ سب سے پہلے عمران خان نے ہی کچھ وقت کے لیے ایک دوسرے سے الگ رہنے کی تجویز دی تھی۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ دونوں نے چھ ماہ کی علیحدگی کے بعد بالآخر طلاق لینے کا باہمی فیصلہ کیا تاہم اونتیکا نے بتایا کہ وہ اپنے 18 سالہ تعلق کو ناکامی کے طور پر نہیں دیکھتیں۔اونتیکا نے بتایا کہ جب ان کا تعلق شروع ہوا تو وہ دونوں کتنے کم عمر تھے، انہوں نے ایک دوسرے سے کیا توقعات وابستہ کر رکھی تھیں اور کس طرح وقت گزرنے کے ساتھ ان کے رشتے میں تنا بڑھتا گیا؟

انہوں نے تسلیم کیا کہ جب ان کی شادی ٹوٹنے کے قریب پہنچی تو وہ اور عمران دونوں ایک دوسرے کے ساتھ غیر منصفانہ رویہ اختیار کرنے لگے تھے۔اونتیکا کی ملاقات عمران خان سے اس وقت ہوئی تھی جب ان کی عمر 19 سال تھی۔ دونوں نے 2011 میں شادی کرلی اور ان کے ہاں بیٹی ایمارا کی پیدائش ہوئی۔گفتگو کے دوران اوانتیکا سے پوچھا گیا کہ سب سے پہلے علیحدگی کا خیال کس نے پیش کیا تھا تو انہوں نے فورا عمران خان کا نام لیا۔ انہوں نے کہا کہ اصل میں یہ فیصلہ اسی کا تھا۔ میں ایسا کبھی نہ کرتی۔

شاید یہ میرے اپنے لیے نقصان دہ ہوتا، لیکن میں ایسا کبھی نہ کرتی۔اونتیکا نے وضاحت کی کہ ابتدا میں عمران چاہتے تھے کہ وہ دونوں کچھ وقت کے لیے ایک دوسرے سے الگ رہیں،چھ ماہ بعد دونوں نے باہمی رضامندی سے فیصلہ کیا کہ طلاق ہی آگے بڑھنے کا مناسب راستہ ہے۔اونتیکا نے اعتراف کیا کہ جب انہوں نے رشتہ شروع کیا تو ان کے اندر جذباتی الجھنیں اور ماضی کے کچھ ایسے اثرات موجود تھے جنہیں وہ خود بھی پوری طرح سمجھ نہیں پائی تھیں۔اونتیکا نے کہا کہ ان کی طلاق کسی ایک بڑے جھگڑے یا اچانک پیش آنے والے واقعے کا نتیجہ نہیں تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں