بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چینی صدر شی جن پھنگ نے شنگھائی کے عالمی استقبالیہ ہال میں عالمی مصنوعی ذہانت کانفرنس 2026 اور مصنوعی ذہانت کی عالمی حکمرانی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور کلیدی خطاب کیا۔
جمعہ کے روز شی جن پھنگ نے کہا کہ اس وقت عالمی مصنوعی ذہانت کی تکنیکی جدت کو زبردست مواقع کے ساتھ ساتھ حکمرانی کے چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔ چین کا مؤقف ہے کہ تمام ممالک کو مل کر ایک منصفانہ اور معقول عالمی مصنوعی ذہانت نظام کی تشکیل کے لیے کام کرنا چاہیے۔اس مقصد کے لیے انہوں نے چار تجاویز پیش کیں۔ پہلی، کھلے پن اور جیت جیت کے تعاون پرقائم رہتے ہوئے اختراعی ترقی کو آگے بڑھایا جائے۔
دوسری، خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے تحفظ اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں قومی سلامتی کے تصور کے غلط استعمال اور اپنی قومی سلامتی کو دوسرے ممالک کی سلامتی پر ترجیح دینے کی مخالفت کی جائے۔ تیسری، جامعیت کو فروغ دیا جائے اور مختلف تہذیبوں کے درمیان باہمی سیکھنے کو فروغ دیا جائے۔
چوتھی، یکجہتی کے ساتھ عالمی حکمرانی کو بہتر بنایا جائے۔ گلوبل ساؤتھ کے ممالک کو اپنی صلاحیتیں مضبوط بنانے میں مدد فراہم کی جائے تاکہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں نئی تاریخی ناانصافیاں پیدا نہ ہوں۔چینی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ایک ذمہ دار بڑے ملک کی حیثیت سے چین مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بین الاقوامی عوامی اشیاء اور چینی حل فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ عالمی مصنوعی ذہانت تعاون تنظیم کا شنگھائی میں قیام، مصنوعی ذہانت کی ترقی کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
اگلے پانچ برسوں کے دوران ، چین ترقی پذیر ممالک کے لیے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں 5,000 تربیتی مواقع فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ آسیان، عرب لیگ، افریقی یونین، لاطینی امریکہ اور کیریبین ریاستوں کی کمیونٹی، شنگھائی تعاون تنظیم اور برکس ممالک میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کے لیے بین الاقوامی تعاون کے مراکز قائم کیے جائیں گے۔ چین 30 ممالک میں “مازو” نامی ذہین موسمیاتی ابتدائی وارننگ سسٹم کے استعمال کو بھی فروغ دے گا۔
افتتاحی تقریب سے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف، کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن مانیٹ، تھائی لینڈ کے وزیر اعظم انوتن چارنویراکول اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے شنگھائی میں عالمی مصنوعی ذہانت تعاون تنظیم کے قیام کے معاہدے پر دستخط کی تقریب کو خوش آئند قرار دیا اور مصنوعی ذہانت کی عالمی حکمرانی کے فروغ میں چین کی اہم خدمات کو سراہا۔ کانفرنس کے دوران “عالمی مصنوعی ذہانت کانفرنس 2026 اور مصنوعی ذہانت کی عالمی حکمرانی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کا صدارتی بیان” بھی جاری کیا گیا۔









