مریدکے( رپورٹنگ آن لائن)قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عالم اسلام اختلافات چھوڑ کر ایک ہوجائیں کیونکہ عالم کفر پوری تیاری اور سازشوں کے جال لیکر میدان میں آچکا ہے ۔
مریدکے میں ممتاز عالم دین مولانا حافظ عثمان ربانی کی طرف سے منعقد کی گئی آل پاکستان ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے انکا کہنا تھا کہ مکہ اور مدینہ شریف ہماری ریڈ لائین ہیں ،عالم اسلام اسکی حفاظت کے لئے ایک ہے ،چند مسلمان ممالک کے اختلافات کا فائدہ اٹھا کر کفار مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں سب دیکھ رہے ہیں ایک ایک کرکے تمام اسلامی ممالک میں جنگ کی آگ بھڑکائی جارہی ہے ،امریکہ اسرائیل کہیں مسلمان ممالک پر حملے کررہے ہیں کہیں اپنے ایجنٹ استعمال کررہے ہیں اور کہیں مسلمان کو مسلمان سے لڑانے کی سازش کی جارہی ہے ۔
مسلم ممالک کے قدرتی خزانوں معدنیات پر قبضے کئے جارہے ہیں ،پاکستان مسلم ممالک کو اکٹھا کرنے اور حالات کی سنگینی سے آگاہ کرنے کی کوشش تو کررہا ہے مگر دیگر اسلامی ممالک کو بھی چاہئے کہ پاکستان کا ساتھ دیں ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ دنیا آج جن حالات سے گزر رہی ہے اور مسلم ممالک جن مسائل میں گر چکے ہیں ،واحد عالم اسلام کی ایٹمی قوت پاکستان ہی ہے جو مسلم ممالک کے لئے امید کی کرن ہے ،پاکستان کی 25کروڑ عوام دفاع مکہ پر نہ صرف خوش ہے بلکہ مکہ اور مدینہ کی حفاظت کیلئے سعودی حکومت کیساتھ کھڑی ہے جہاں ہماری بہادر فوج ہر طرح کی جارحیت کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔









