شبانہ اعظمی 17

طلبہ احتجاج میں شرکت کے بعد شبانہ اعظمی سوائن فلو میں مبتلا

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی دہلی میں طلبہ احتجاج میں شرکت کے بعد سوائن فلو میں مبتلا ہو گئیں۔

شبانہ اعظمی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مداحوں اور طلبہ کو اپنی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا ہے کہ مجھے ممبئی احتجاج میں شامل ہونا تھا لیکن میں سوائن فلو میں مبتلا ہو گئی ہوں اور مجھے اگلے 5 دنوں تک آئسولیشن میں رہنے اور آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔بھارتی اداکارہ نے طلبہ سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے احتجاج میں موجود نوجوانوں سے رپورٹس موصول ہو رہی ہیں،

ان میں سے بہت سے لوگوں نے پہلی بار کسی احتجاج میں حصہ لیا ہے اور یہ تجربہ کیا ہے کہ ان کی آواز کی کتنی اہمیت ہے۔انہوں نے مزید لکھا کہ میں آپ کی ہمت اور عزم سے متاثر ہوں اور آپ کے ساتھ کھڑی ہوں۔ شبانہ اعظمی نے پوسٹ میں اپنے والد کیفی اعظمی کی نوجوانوں کے لیے لکھی گئی ایک نظم بھی شیئر کی۔واضح رہے کہ اداکارہ نئی دہلی کے جنتر منتر پر طلبہ کے احتجاج میں 3 روز تک شریک رہی تھیں۔شبانہ اعظمی نیٹ (NEET) کے پیپرز لیک ہونے کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ کی حمایت میں سب سے نمایاں شخصیات میں شامل تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں