طارق فضل چودھری 16

طارق فضل چوہدری کی مدینہ منورہ کی سمت حوثی ملیشیا کی حملے کی کوشش کی شدید مذمت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مدینہ منورہ کی سمت حوثی ملیشیا کی حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ روضہ رسول ۖ کی جانب کسی بھی جارحیت یا حملے کی خبر امتِ مسلمہ کے دلوں کو زخمی کر دیتی ہے،حرمین شریفین کی حرمت اور تقدس ہمارے ایمان اور عقیدے کا حصہ ہے۔

جمعرات کو ایکس پر اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مقدس مقامات کی طرف اٹھنے والا ہر قدم پوری امت کے جذبات کو مجروح کرتا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ ایمان، محبت، عقیدت، اخوت اور قلبی وابستگی کا لازوال رشتہ ہے۔ سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کا تحفظ ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔ سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ کھڑی ہے۔ دعا ہے اللہ تعالی مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ، حرمین شریفین اور پورے سعودی عرب کو ہر قسم کی آفت، شر اور فتنے سے محفوظ فرمائے۔ اللہ تعالی روض رسول ۖ کی حرمت ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور امتِ مسلمہ کو اتحاد و محبت نصیب فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں