محمد جاوید قصوری 9

ملک اس وقت شدید معاشی اور سیاسی مشکلات سے دوچار ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک ختم نہیں ہوئی، پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف دستخطی مہم، عوامی رابطہ اور دیگر جمہوری سرگرمیاں جاری رہیں گی، حالیہ طور پر جماعت اسلامی نے لیوی کے خاتمے، آئی پی پیز اور مہنگائی کے خلاف دستخطی مہم کو بھی منظم کرنے کا اعلان کیا ہے،جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے پُرامن اور آئینی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور جب تک عام آدمی کو حقیقی معاشی ریلیف نہیں ملتا، عوامی مسائل اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، حکومت کو سیاسی بیانات کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے ثابت کرنا ہوگا کہ اس کی ترجیح عوام کی زندگی آسان بنانا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی، اضافی ٹیکسوں اور حکومتی معاشی پالیسیوں کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی دھرنوں اور عوامی رابطہ مہم کا سلسلہ شروع کیا، جو مختلف شہروں میں کئی ہفتوں سے جاری ہے۔ اس جدوجہد کا بنیادی مقصد کسی سیاسی مفاد کا حصول نہیں بلکہ عام شہری کو معاشی ریلیف فراہم کرنا اور حکومت کو عوامی مسائل کے حل کی طرف متوجہ کرنا ہے۔ احتجاجی سرگرمیوں میں لاہور سمیت ملک کے متعدد شہروں میں عوام نے بھرپور شرکت سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ موجودہ حکمرانوں سے مایوس ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کے باوجود عام آدمی پر مجموعی بوجھ کم نہیں ہوا۔ پٹرولیم لیوی سمیت عوام پر عائد اضافی مالی بوجھ ختم کیے بغیر حقیقی ریلیف ممکن نہیں۔جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے امیر نے کہا کہ حکومت کو عوام کے صبر کا مزید امتحان لینے کے بجائے فوری اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

ان کے مطابق حکمرانوں کو اپنے غیر ضروری اخراجات اور مراعات میں کمی، اشرافیہ پر ٹیکسوں کے مؤثر نفاذ اور عوام پر غیر ضروری مالی بوجھ کے خاتمے کی طرف توجہ دینی چاہیے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملک اس وقت شدید معاشی اور سیاسی مشکلات سے دوچار ہے، مہنگائی، بے روزگاری، بجلی و پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ٹیکسوں کے بوجھ نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، مگر حکمران طبقہ عوام کی مشکلات کا حقیقی ادراک کرنے کے بجائے سیاسی کشمکش میں الجھا ہوا ہے۔ عوام کو درپیش بنیادی مسائل کو پس پشت ڈالنے کے کے حکومتی رویے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی اس بات کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ اپنی آئینی، جمہوری اور پُرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں