اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ)کے کیمپ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پاکستان رینجرز کے تین جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ایوانِ صدر کے میڈیا وِنگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے شہدا کے بلند درجات اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے خصوصی دعا کی، جبکہ شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنے بہادر سپاہیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکار قوم کے حقیقی ہیرو ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔صدرِ مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور قومی اتحاد ہی دہشت گردی کے ناسور کو شکست دینے کا موثر ذریعہ ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔صدرِ مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کو جوارِ رحمت میں بلند مقام عطا فرمائے، اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل دے اور زخمی اہلکاروں کو جلد مکمل صحت عطا کرے۔









