آصف علی زرداری 12

صدر زرداری کی آسٹریا کے صدر اور عوام کو قومی دن پر مبارکباد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جمہوریہ آسٹریا کے صدر اور عوام کو ان کے قومی دن کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے دوطرفہ اور کثیرالجہتی سطح پر تعمیری روابط دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے فروغ کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے آسٹریا کے صدر ڈاکٹر الیگزینڈر وان ڈیر بیلن کے نام اپنے خط میں ان کی صحت و تندرستی اور آسٹریا کے عوام کی مسلسل ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریا کے درمیان باہمی احترام، خیرسگالی اور امن، استحکام اور بین الاقوامی تعاون کے مشترکہ عزم پر مبنی دیرینہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک دوطرفہ اور کثیرالجہتی سطح پر تعمیری روابط برقرار رکھے ہوئے ہیں جو دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے فروغ کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ صدرِ مملکت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور آسٹریا کے درمیان دوستی کے رشتے مزید مستحکم ہوں گے، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے مزید قریب تر آئیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں