آصف علی زرداری 39

صدر آصف علی زرداری کی چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت

سانیا (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے دورے کے دوران ہانگژو جن جیانگ گروپ کے سی ای او وانگ جیان سے بدھ کو یہاں ملاقات کی اور کمپنی کو پاکستان میں متبادل توانائی ، پانی کی صفائی اور الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹری سسٹمز سمیت ترجیحی شعبوں میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔

ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران صدر مملکت کو بتایا گیا کہ یہ گروپ پہلے ہی پاکستان میں متعدد منصوبوں پر کام کررہا ہے اور چین کے سرفہرست 100 کاروباری گروپس میں شامل ہے۔ اس کی سرگرمیاں بھاری صنعت، کھاد، تیل و گیس، کوئلہ گیسی فکیشن، قابلِ تجدید توانائی، زراعت اور آبپاشی جیسے شعبوں تک پھیلی ہوئی ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں خاص طور پر واٹر ٹریٹمنٹ، الیکٹرک وہیکل بیٹری سسٹمز اور متبادل توانائی کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی بھرپور حوصلہ افزائی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی شراکت داری پائیدار ترقی اور صنعتی پیش رفت میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومتِ سندھ صوبے میں سرمایہ کاری کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کو خصوصاً پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ملاقات میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن ، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبہ جات سید قاسم نوید قمر اور چیف سیکرٹری سندھ بھی شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں