کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستانی اداکارہ صبور علی نے اپنی ڈیڑھ سالہ بیٹی سیرینا کو پری سکول بھیجنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بچی کی سماجی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
حال ہی میں صبور علی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں میزبان نے ان کی ڈیڑھ سالہ بیٹی کے پری سکول جانے پر حیرت کا اظہار کیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بیٹی سیرینا کو پری سکول میں داخل کروایا ہے، جہاں وہ فی الحال روزانہ صرف 15 سے 20 منٹ گزارتی ہے، کھیلتی ہے اور پھر واپس گھر آجاتی ہے۔
صبور علی کے مطابق اس سرگرمی سے سیرینا کی سوشل سکلز بہتر ہو رہی ہیں، بچوں کے لیے یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ وہ کچھ وقت والدین سے دور کیسے رہ سکتے ہیں اور دوسروں کے ساتھ کس طرح پیش آنا چاہیے۔
اداکارہ نے بتایا کہ سکول کا تعارفی دن سیرینا کے لیے قدرے مشکل تھا اور وہ اس روز بہت روئی، جس پر انہیں شرمندگی بھی محسوس ہوئی کیونکہ وہاں موجود دیگر بچے نہیں رو رہے تھے، تاہم اب صورتحال یہ ہے کہ سیرینا سکول جانے میں دلچسپی لیتی ہے اور واپس آنے پر آمادہ نہیں ہوتی۔
صبور علی نے بتایا کہ ان کی بیٹی ویسے بھی کافی سوشل بچی ہے، تاہم پری سکول جانے سے اسے دیگر بچوں کے ساتھ میل جول کا مزید موقع مل رہا ہے.اداکارہ کے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جہاں صارفین کی جانب سے اس فیصلے پر ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے۔
کچھ صارفین نے اتنی کم عمر بچی کو سکول بھیجنے کے فیصلے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ بچے کا بچپن انتہائی اہم ہوتا ہے، جبکہ بعض افراد نے صبور علی اور ان کے شوہر کے فیصلے کی حمایت بھی کی۔









