شرجیل انعام میمن 52

شنگھائی سرمایہ کاری کانفرنس سندھ میں صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی، شرجیل میمن

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شنگھائی میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس صوبے میں سرمایہ کاری، صنعتی ترقی، روزگار کے مواقع اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ کانفرنس کے ذریعے سندھ کی معاشی صلاحیت کو عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے اجاگر کرنے اور چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ کاروباری روابط مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ قدرتی وسائل، توانائی، زراعت، معدنیات، ٹرانسپورٹ، بنیادی ڈھانچے اور صنعتی ترقی کے وسیع امکانات رکھتا ہے۔

ان شعبوں میں چینی سرمایہ کاری سے صوبے کی پیداواری صلاحیت بڑھانے، نئی صنعتیں قائم کرنے، موجودہ صنعتی یونٹس کو وسعت دینے اور مقامی کاروبار کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے، جبکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری سے جدید ٹیکنالوجی، صنعتی مہارت، جدید پیداواری طریقوں اور بین الاقوامی کاروباری تجربات سے استفادے کے مواقع پیدا ہوں گے۔

تھر کے قدرتی وسائل، صنعتی زونز اور تجارتی روابط کی ترقی کے لیے چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری اہم ثابت ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شنگھائی سرمایہ کاری کانفرنس کا مقصد سندھ میں سرمایہ کاری کے امکانات کو نمایاں کرنا، باہمی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنا اور چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ مؤثر روابط کے ذریعے عملی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں