شازیہ ماریہ 12

شازیہ مری کی پاکستان رینجرز سندھ کے کیمپ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے پاکستان رینجرز سندھ کے کیمپ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان رینجرز کے بہادر جوانوں نے فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنا کر غیر معمولی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی جذبے کا مظاہرہ کیا۔

اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور ایک بڑے سانحے کو رونما ہونے سے بچایا۔ انہوں نے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی پر پاکستان رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے حملے میں وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شازیہ مری نے کہا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے قومی عزم پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔شازیہ مری نے شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غم کی اس گھڑی میں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے، اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے اور حملے میں زخمی ہونے والوں کو جلد مکمل صحتیابی نصیب فرمائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فتنہ الخوارج اور اس کے سرپرست عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج، رینجرز اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ پوری قوم شانہ بشانہ کھڑی ہے۔شازیہ مری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک قومی جدوجہد پوری قوت، اتحاد اور استقامت کے ساتھ جاری رکھی جائے گی اور ملک کے امن، سلامتی اور استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں