ہائیکورٹ 15

سیشن جج کو دفعہ 22اے کی درخواستیں منتقل کرنے کا اختیار نہیں’ لاہور ہائیکورٹ

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے ایک اہم فیصلے میں قرار دیا ہے کہ سیشن جج کو فوجداری ضابطہ کی دفعہ 22اے کے تحت اندراج مقدمہ کی درخواستیں ایک جسٹس آف دی پیس سے دوسرے جسٹس آف دی پیس کو منتقل کرنے کا اختیار حاصل نہیں تاہم غیر معمولی حالات میں قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواستوں کی منتقلی کا اختیار برقرار رہے گا۔

یہ فیصلہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے درخواست گزار فیصل منظور کی جانب سے سیشن جج اوکاڑہ کے حکم کے خلاف دائر آئینی درخواست پر جاری کیا جس میں سیشن جج کے حکم کو جزوی طور پر کالعدم قرار دے دیا گیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ سیشن جج کا دفعہ 22اے کے تحت اندراج مقدمہ کی درخواستوں کی منتقلی کا حکم دائرہ اختیار سے تجاوز کے مترادف ہے، لہٰذااسے کالعدم قرار دیا جاتا ہے، عدالت نے واضح کیا کہ ایسی درخواستوں کی منتقلی کا اختیار صرف لاہور ہائیکورٹ کو آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت حاصل ہے، سیشن جج کو نہیں۔فیصلے میں کہا گیا کہ دوسری جانب قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواستوں کی منتقلی کے حوالے سے سیشن جج کا اختیار قانون کے مطابق ہے، اس لیے اس حصے کو برقرار رکھا جاتا ہے۔

عدالت کے مطابق مقدمے میں مدعا علیہ نمبر دو نے درخواست گزار کے خلاف یہ مقف اختیار کیا تھا کہ وہ مقامی بار کا رکن اور وکیل ہے، درخواست گزار اسے ہراساں کر رہا ہے اور اسے تحصیل ہیڈ کوارٹر دیپالپور میں جان لیوا حملے کا خدشہ ہے، فریقین نے ایک دوسرے پر ہراسانی، دھمکیوں اور حملے کے الزامات بھی عائد کیے جبکہ ان الزامات کے حوالے سے ایف آئی آر بھی درج ہو چکی تھی۔عدالت نے قرار دیا کہ ایسے غیر معمولی حالات میں شفاف انصاف کو یقینی بنانے کے لیے ضمانت کی درخواستوں کی منتقلی کا حکم درست تھا، فیصلے میں اس مسلمہ اصول کو بھی دہرایا گیا کہ انصاف صرف ہونا ہی نہیں چاہیے بلکہ ہوتا ہوا بھی نظر آنا چاہیے۔

لاہور ہائیکورٹ نے اس فیصلے میں یہ اصول طے کیا ہے کہ سیشن جج دفعہ 22اے کے تحت اندراج مقدمہ کی درخواستیں ایک جسٹس آف دی پیس سے دوسرے جسٹس آف دی پیس کو منتقل نہیں کر سکتا، جبکہ ایسی منتقلی کا اختیار صرف لاہور ہائیکورٹ کو آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت حاصل ہے، البتہ غیر معمولی حالات میں سیشن جج قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواستوں کی منتقلی کا اختیار استعمال کر سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں