عدالت 21

سندھ ہائیکورٹ کا وکلا اور عدالتی عملے کی نجی گاڑیوں سے سرکاری و عدالتی علامات ہٹانے کا حکم

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے وکلا اور عدالتی عملے کو اپنی نجی گاڑیوں سے سبز نمبر پلیٹس، سرکاری مونوگرام اور عدالتی لوگو ہٹانے کا حکم دے دیاہے۔چیف جسٹس کی ہدایت پر اس حوالے سے باقاعدہ سرکلر جاری کردیا گیا ہے، جس میں نجی گاڑیوں پر سرکاری عہدے یا منصب کی عکاسی کرنے والی علامات کے استعمال سے بھی منع کیا گیا ہے۔

عدالتی سرکلر کے مطابق نجی گاڑیوں سے نیلی بتیاں، بیکنز، فلیشرز، مہریں اور غیر مجاز اسٹیکرز بھی ہٹانا ہوں گے۔ سرکلر میں جعلی نمبر پلیٹس اور سرکاری عہدہ ظاہر کرنے والی دیگر علامات کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والی گاڑیوں کا عدالتوں میں داخلہ بند کردیا جائے گا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے گاڑی مالکان کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے جاری سرکلر میں نجی گاڑیوں سے تمام غیرقانونی اشیا ہٹانے کے لیے سات روز کی مہلت دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں