سندھ ہائیکورٹ 12

سندھ ہائیکورٹ ،ہائوس جاب کرنے والے ڈاکٹرز کی درخواست منظور،کے ایم سی کو 2 ماہ میں ڈاکٹرز کے تمام بقایاجات ادا کرنے کا حکم

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے عباسی شہید اسپتال کے ہائوس جاب کرنے والے ڈاکٹرز کی درخواست منظور کرتے ہوئے کے ایم سی کو 2 ماہ میں ڈاکٹرز کے تمام بقایاجات ادا کرنے کا حکم دیدیا۔

ہفتہ کوسندھ ہائیکورٹ میں عباسی شہید استال کے ہائوس جاب کرنے والے ڈاکٹرز کو وظائف جاری نہ کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے عباسی شہید اسپتال کے ہائوس افسران (ینگ ڈاکٹرز)کے وظائف کی عدم ادائیگی کے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔عدالت نے ڈاکٹرز کی دائر درخواست منظور کر لی اور کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کو سخت ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اگلے 2 ماہ کے اندر اندر تمام متاثرہ ہاس افسران کے تمام بقایاجات لازمی ادا کرے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ ہاس افسران کو ان کے ماہانہ وظیفے کی بروقت ادائیگی کرنا یونیورسٹی انتظامیہ کی اولین اور بنیادی ذمہ داری ہے۔سماعت کے دوران درخواست گزار ڈاکٹرز کے وکیل نے مقف اختیار کیا کہ بغیر کسی معقول وجہ کے نوجوان ڈاکٹرز کو ان کے جائز ماہانہ وظیفے سے محروم رکھا گیا تھا اور عدالتی مداخلت پر صرف جزوی ادائیگی کی گئی جبکہ بقیہ رقم بغیر کسی قانونی جواز کے روک لی گئی۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سندھ حکومت کے منظور شدہ قوانین کے مطابق یہ ہاس آفیسرز 69 ہزار 600 روپے ماہانہ وظیفے کے قانونی حقدار ہیں۔

عدالت نے اس نکتے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ نوٹیفکیشن 2022 اور پی ایم ڈی سی ریگولیشنز کے تحت وظیفہ ڈاکٹرز کا قانونی حق ہے اور ایک ہی بیچ کے کچھ افسران کو وظیفہ دینا اور دوسروں کو اس سے محروم رکھنا سراسر امتیازی سلوک ہے۔آئینی بینچ نے یونیورسٹی انتظامیہ کے اس عذر کو یکسر مسترد کر دیا کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے ادائیگیاں نہیں ہو سکیں۔عدالت نے کہا کہ یونیورسٹی فنڈز نہ ملنے کا بہانہ بنا کر رات دن ڈیوٹی کرنے والے ڈاکٹرز کے وظائف ہرگز نہیں روک سکتی،

کیونکہ کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی صرف کے ایم سی (KMC) کے فنڈز پر انحصار نہیں کرتی بلکہ اس کے اپنے ذرائع آمدن بھی ہیں۔سندھ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں تنبیہ کی ہے کہ اگر دو ماہ کی مقررہ مدت کے اندر عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں