کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے کیمیکل فیکٹری کو اضافی بجلی کا بل بھیجنے کے خلاف درخواست پر کے الیکٹرک اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ۔فریقین سے 20 مئی کو جواب طلب کرلیاہے۔منگل کو جسٹس یوسف علی سعید کی سربراہی میں دو رکنی آئینی بینچ نے کے الیکٹرک کی جانب سے کیمیکل فیکٹری کو اضافی بجلی کا بل بھیجنے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ نارتھ ناظم آباد میں واقع پنجاب کیمیکل فیکٹری کو اچانک 5 لاکھ روپے سے زائد بجلی کا بل بھیجا گیاہے۔ کے الیکٹرک نے بجلی چوری کا الزام لگا کر اضافی بل بھیجاہے۔ نیپرا میں کے الیکٹرک درخواست گزار کیخلاف چوری کا الزام ثابت نہیں کر سکا۔ نیپرا نے کے الیکٹرک کو استعمال شدہ بجلی کے یونٹس کے مطابق بجلی کا بل جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔ کے الیکٹرک جرمانے کے ساتھ اضافی بل بھیج رہا ہے۔
کے الیکٹرک کو اضافی بجلی کا بل وصول کرنے سے روکا جائے۔ جسٹس یوسف علی سعید نے ریمارکس دیئے کہ فریقین کو سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے۔ عدالت نے کے الیکٹرک اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 20 مئی کو جواب طلب کرلیا۔









