سندھ ہائی کورٹ 26

سندھ ہائی کورٹ،بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے ملازمین کو ہائوس رینٹ کی عدم ادائیگی کے خلاف دائر درخواست پرتمام متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے ملازمین کو ہائوس رینٹ کی عدم ادائیگی کے خلاف دائر درخواست پرتمام متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے ملازمین کو ہائوس رینٹ کی عدم ادائیگی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے درخواست میں شامل تمام متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیئے کہ متعلقہ فریقین آئندہ پیشی پر عدالت میں پیش ہوکر اپنا تفصیلی جواب جمع کرائیں۔ درخواست میں حکومت سندھ، بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کے چیئرمین اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اپریل 2026 میں جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے ذریعے بورڈ ملازمین کے ہائوس رینٹ الانس کو ختم کردیا گیا، جو کہ غیر قانونی اور ملازمین کے بنیادی حقوق کے منافی اقدام ہے۔ وکیل کے مطابق بورڈ کی منظور شدہ قرارداد کے تحت ملازمین کو ہائوس رینٹ کی ادائیگی کی جانی تھی، تاہم اس فیصلے کے برعکس نوٹیفکیشن جاری کرکے ملازمین کو مالی مشکلات سے دوچار کردیا گیا۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ اپریل کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے اور بورڈ ملازمین کو ہائوس رینٹ کی مد میں فوری ادائیگیاں کی جائیں۔ مزید درخواست کی گئی کہ ملازمین کو گزشتہ مہینوں کے تمام بقایاجات اور واجبات بھی ادا کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد درخواست کی مزید سماعت 10 جون تک ملتوی کرتے ہوئے تمام فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں