عدالت 36

سندھ ہائی کورٹ، ضلع جنوبی میں اشتہاری بل بورڈز کے خلاف درخواست، میئرکراچی، کمشنرکراچی سمیت دیگرفریقین کو نوٹس جاری

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے ضلع جنوبی میں عوامی مقامات پر اشتہاری بل بورڈز اور سائن بورڈز کی تنصیب کے خلاف دائر درخواست پر میئر کراچی، کمشنر کراچی، ٹی ایم سی صدر اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 20 اگست تک تحریری جواب طلب کرلیاہے۔

منگل کوسماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نواز ڈاہری ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ میٹروپول، شارع فیصل اور دیگر اہم شاہراہوں پر بڑے پیمانے پر اشتہاری بل بورڈز نصب کیے جارہے ہیں، جس سے عوامی املاک اور شہری سہولیات متاثر ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فٹ پاتھ، گرین بیلٹس اور دیگر عوامی مقامات شہریوں کے استعمال کے لیے مختص ہوتے ہیں، تاہم انہیں تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔وکیل درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سپریم کورٹ 2018 میں عوامی مقامات پر بل بورڈز اور ہورڈنگز لگانے سے روک چکی ہے، جبکہ بل بورڈز کی تنصیب کے لیے ٹریفک انجینئرنگ بیورو سے تکنیکی منظوری بھی لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیز ہواں یا خراب موسم میں یہ ہورڈنگز شہریوں کی جان و مال کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ضلع جنوبی میں تمام اشتہاری بل بورڈز اور ہورڈنگز کی اجازت کو غیر قانونی قرار دیا جائے اور مزید تنصیب روکنے کے لیے حکم امتناع جاری کیا جائے۔ تاہم عدالت نے فوری حکم امتناع دینے کی زبانی استدعا مسترد کردی۔سماعت کے دوران نواز ڈاہری ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ بل بورڈز لگانے کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اگلی سماعت تک مزید ہورڈنگز نصب ہوچکی ہوں گی۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ فریقین کے تحریری جوابات آنے کے بعد ہی کیس کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں