سندھ ہائی کورٹ 15

سندھ ہائی کورٹ: صارم برنی کیس میں شریک ملزمہ مدیحہ اسلام کی ضمانت منظور

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائی کورٹ نے انسانی اسمگلنگ اور دستاویزات میں ردوبدل کے مقدمے میں نامزد شریک ملزمہ مدیحہ اسلام کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔جسٹس میران محمد شاہ کی سربراہی میں سماعت کے دوران عدالت نے سرکاری وکیل کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ مقدمے کا ٹرائل آگے نہیں بڑھ رہا، جبکہ مرکزی ملزم صارم برنی پہلے ہی ضمانت پر رہا ہے۔ عدالت نے کہا کہ “مرکزی ملزم باہر ہے، ادھر ادھر کے لوگوں کو جیل میں ڈالیں گے؟” اور استفسار کیا کہ “کیا اسی طرح ملزمان کو سزا دلوائیں گے؟”دوران سماعت ملزمہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مدیحہ اسلام کا صارم برنی اور دیگر ملزمان پر عائد الزامات سے کوئی تعلق نہیں۔ ان پر صرف ایک بچی کو صارم برنی کے حوالے کرنے کا الزام ہے، جبکہ وہ صارم برنی کے ساتھ انسانی حقوق اور فلاحی سرگرمیوں میں شریک رہی ہیں۔

وکیل کے مطابق بچوں کی بیرون ملک اسمگلنگ سے ملزمہ کا کوئی تعلق نہیں اور وہ طویل عرصے سے جیل میں ہیں، لہٰذا انسانی حقوق کی بنیاد پر ضمانت دی جائے۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف دستاویزات میں جعل سازی اور بچوں کی بیرون ملک اسمگلنگ کے الزامات ہیں اور مقدمہ امریکی سفارت خانے کی شکایت پر درج کیا گیا تھا۔دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے مدیحہ اسلام کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں