ہائیکورٹ 13

سموگ تدارک کیس،لاہور ہائیکورٹ کی ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک سے متعلق کیس میں متعلقہ اداروں کو ماحولیاتی تحفظ اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی اعجاز، ماحولیاتی کمیشن کے رکن اور سیکرٹری سمیت متعلقہ حکام بھی عدالت میں موجود تھے۔سماعت کے دوران پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی جانب سے بیرسٹر مریم حیات نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔بیرسٹر مریم حیات نے عدالت کو بتایا کہ پی ایچ اے نے لیسکو کے لیے درختوں کی کانٹ چھانٹ اور کٹائی کے حوالے سے باقاعدہ ایس او پیز جاری کر دیے ہیں۔

اسی طرح محکمہ آبپاشی کو بھی نہروں اور بھل صفائی کے دوران درختوں کے تحفظ سے متعلق ایس او پیز فراہم کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ نئے طریقہ کار کے تحت اب کوئی بھی سرکاری محکمہ پی ایچ اے کی پیشگی اجازت کے بغیر درختوں کی کانٹ چھانٹ یا کٹائی نہیں کر سکے گا۔ ان اقدامات کا مقصد شہری علاقوں میں درختوں کے تحفظ کو یقینی بنانا اور ماحولیاتی آلودگی، خصوصاً سموگ کے تدارک کے لیے سبزہ برقرار رکھنا ہے۔عدالت نے متعلقہ اداروں کو ماحولیاتی تحفظ اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں