فرانس 11

سعودیہ اور فرانس کے درمیان سرمایہ کاری سمیت متعدد معاہدوں پر دستخط

پیرس(رپورٹنگ آن لائن) سعودی عرب اور فرانس کے درمیان سرمایہ کاری سمیت متعدد معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔

سعودی عرب اور فرانس نے سرمایہ کاری، دفاع، مصنوعی ذہانت، سیاحت، انفراسٹرکچر اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے، یہ پیش رفت سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے فرانس کے دورے کے دوران ہوئی۔

دونوں ممالک نے دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا جس کے تحت دفاعی صنعت، جدید ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت، فوجی تربیت اور تجربات کے تبادلے کو فروغ دیا جائے گا۔

سعودی عرب اور فرانس نے مصنوعی ذہانت، کوانٹم ٹیکنالوجی اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز میں تعاون کے لئے بھی فریم ورک قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی کے شعبے میں شراکت داری مزید گہری ہونے کی توقع ہے۔

دونوں ممالک نے تاریخی شہر العُلا کی ترقی میں تعاون کو 2035ء تک توسیع دینے پر بھی اتفاق کیا، اس تعاون میں آثارِ قدیمہ، ثقافتی منصوبوں، سیاحت، تربیت، جدت، پائیدار ترقی اور قدرتی ورثے کے تحفظ جیسے شعبے شامل ہوں گے۔

اس کے علاوہ فرانس کے علاقے سرجی پونتواز میں قِدیہ سے متعلق ایک بڑے منصوبے کے لیے تقریباً 6 ارب یورو کی متوقع سرمایہ کاری اور 22 ہزار ملازمتوں کے مواقع بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔

سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو نے بھی فرانسیسی کمپنیوں کے ساتھ 3.7 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے معاہدے کئے ہیں، جن میں ڈرلنگ آلات اور صنعتی مصنوعی ذہانت سے متعلق تعاون شامل ہے۔

ماہرین کے مطابق سعودی عرب اور فرانس کے درمیان معاہدوں کا یہ سلسلہ دونوں ممالک کی سٹریٹجک شراکت داری کو نئی وسعت دینے اور دفاع، معیشت، ٹیکنالوجی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کی اہم پیش رفت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں