سردار ایاز صادق 14

سردار ایاز صادق کی ٹانک میں ٹریفک پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ٹانک میں ٹریفک پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس کے نتیجے میں تین ٹریفک پولیس اہلکاروں کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پیر کو اپنے ایک تعزیتی بیان میں انہوں نیشہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کے غیر متزلزل عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں،پولیس اہلکاروں نے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوںنے کہاکہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس فورس کے عزم کی عکاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور قوم متحد ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے شہید پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔سپیکر قومی اسمبلی نے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں