اوکاڑہ ( شیر محمد) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیرِ صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 کے پہلے سہ ماہی جائزے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈویژن میں جاری ترقیاتی اسکیموں، نئی اسکیموں اور ان پر ہونے والے اخراجات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ایس ای بلڈنگز خرم ارشد، ایس ڈی او ہائی ویز عمران بھٹی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر پاکپتن اور اوکاڑہ بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 کے تحت مجموعی طور پر 244 اسکیمیں شامل ہیں، جن کی مجموعی لاگت 113 ارب 77 کروڑ 80 لاکھ روپے ہے۔ ان اسکیموں میں 241 جاری جبکہ 3 نئی اسکیمیں شامل ہیں۔ جاری اسکیموں کی مجموعی لاگت 93 ارب 55 کروڑ روپے ہے، جبکہ رواں مالی سال کے لیے ان اسکیموں کی مد میں 10 ارب 36 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اب تک 5 ارب 12 کروڑ 20 لاکھ روپے جاری جبکہ 2 ارب 35 کروڑ 20 لاکھ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، جو مختص رقم کا 46 فیصد بنتا ہے۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ساہیوال میں 118 جاری اسکیموں کی مجموعی لاگت 41 ارب 8 کروڑ 30 لاکھ روپے ہے، جبکہ رواں مالی سال کے لیے 5 ارب 3 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اب تک 2 ارب 8 کروڑ 80 لاکھ روپے جاری اور 76 کروڑ 80 لاکھ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ اوکاڑہ میں 74 جاری اسکیموں کے لیے 3 ارب 18 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ پاکپتن میں 49 جاری اسکیموں کے لیے 2 ارب 17 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص ہیں۔ اجلاس میں نئی ترقیاتی اسکیموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
نئی اسکیموں میں ساہیوال ڈویژن میں پبلک ٹرانسپورٹ سروسز کے لیے بس ڈپو، ڈویژنل آفس، بس شیلٹرز، فلیگ پوسٹس اور دیگر سہولیات کی تعمیر کی اسکیم بھی شامل ہے، جس کی لاگت 3 ارب 82 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے اور رواں مالی سال کے لیے 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اوکاڑہ کے لیے نئی اسکیموں میں لائیو اسٹاک پروڈکشن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ بہادر نگر کی تحقیقی سہولیات کی بہتری اور ایگرو پروسیسنگ پارک اوکاڑہ شامل ہیں۔ ان تینوں نئی اسکیموں کی مجموعی لاگت 20 ارب 22 کروڑ 80 لاکھ روپے ہے،
جبکہ رواں مالی سال کے لیے مجموعی طور پر 35 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کی جانب سے پیش رفت اور اخراجات سے متعلق بریفنگ لی۔ انہوں نے ترقیاتی اسکیموں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور مقررہ اہداف بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔








