مسعود پزشکیان 9

رہبرِ انقلاب نے دشمن کے خلاف قومی اتحاد، یکجہتی برقرار رکھنے پر زور دیا، ایرانی صدر

تہران (رپورٹنگ آن لائن) ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ رہبرِ انقلاب نے دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی اتحاد اور یکجہتی برقرار رکھنے پر زور دیا۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سپریم لیڈر مجتبی خامنہ ای سے ملاقات کے متعلق بتایا کہ یہ نشست 7 گھنٹے طویل رہی، ملک کو درپیش اہم مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ دشمن کی پوری حکمت عملی اختلافات اور انتشار پیدا کرنے پر مرکوز ہے، رہبر انقلاب نے اتفاق کیا کہ قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے والے بیانات سے گریز کرنا ہو گا، اندرون ملک اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن بیرونی دنیا کے سامنے ایران کو ایک آواز میں بات کرنی چاہئے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران اپنی آزادی، وقار اور نظریات کے دفاع میں مضبوطی سے کھڑا ہے، ملاقات میں عوام کے روزگار، معاش، رہائش، پابندیوں کے اثرات سمیت اہم معاملات زیر بحث آئے۔

انہوں نے بتایا کہ مشکل حالات میں اگر کوئی کمی یا ناکامی نظر آئے تو حکومت اس پر عوام سے معذرت خواہ ہے، حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں