کراچی(رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے قومی یومِ اقلیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مذہبی اقلیتیں پاکستان کا اہم اور قابلِ احترام حصہ ہیں، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادریوں کی خدمات اور کردار قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 11 اگست ہمیں قائداعظم محمد علی جناح? کے اس وڑن کی یاد دلاتا ہے کہ پاکستان میں تمام شہری برابر کے حقوق رکھتے ہیں۔ ہندو، سکھ، مسیحی اور دیگر مذہبی اقلیتوں نے ملکی ترقی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ 2009 میں 11 اگست کو قومی یومِ اقلیت قرار دینا اقلیتی برادریوں کی خدمات کے اعتراف اور ان کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اظہار ہے۔
پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو مذہبی، سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ ہمیں قائداعظم? کے اصولوں کے مطابق رواداری، باہمی احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اقلیتوں، بالخصوص کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا احترام کرے اور ظلم و جبر کا خاتمہ کرے۔









