روہت شرما و ویرات کوہلی 11

روہت شرما و ویرات کوہلی ورلڈ کپ 2027 کھیلیں گے یا نہیں؟ بھارتی کرکٹ بورڈ کا غیر واضح موقف سامنے آگیا

نئی دہلی (رپورٹنگ آن لائن)بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے سیکرٹری دیواجیت سائیکیا نے واضح کیا ہے کہ 2027 کے عالمی کپ کے لیے ٹیم کی منصوبہ بندی اور ممکنہ کھلاڑیوں سے متعلق مشاورتیں عوامی بحث کا حصہ نہیں بنائی جائیں گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 39 سالہ روہت شرما اور 37 سالہ ویرات کوہلی اس وقت صرف ون ڈے انٹرنیشنل فارمیٹ میں بھارت کی نمائندگی کر رہے ہیں، دونوں سابق کپتانوں کی 2027 کے عالمی کپ میں شمولیت پر مسلسل قیاس آرائیاں جاری ہیں اس حوالے سے حالیہ انٹرویو میں دیواجیت سائیکیا نے کہا کہ ٹیم سے متعلق تمام اسٹریٹجک فیصلے بند کمروں میں کیے جاتے ہیں اور انہیں میڈیا کے سامنے لانا مناسب نہیں۔دیواجیت سائیکیا نے کہاکہ سلیکٹرز، ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور دیگر متعلقہ حکام کے درمیان ٹیم کے مستقبل کے حوالے سے مسلسل مشاورت جاری رہتی ہے اور یہ ایک جاری رہنے والا عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایسی اندرونی معلومات میڈیا کے سامنے ظاہر نہیں کر سکتے کیونکہ یہ مکمل طور پر اسٹریٹجک نوعیت کے فیصلے ہوتے ہیں جو بورڈ کی سطح پر ہی رہتے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق اجیت اگرکر کی زیرِ قیادت سلیکشن کمیٹی بھی ان مباحث کا حصہ ہے تاہم کسی بھی کھلاڑی کے مستقبل پر حتمی بات کرنے سے گریز کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں