ڈاکٹر عشرت العباد خان 19

دہشت گردی کے خلاف قومی عزم مزید مضبوط بنایا جائے، عشرت العباد

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سابق گورنر سندھ اور میری پہچان پاکستان کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے حالیہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ دہشت گردی کا افسوسناک واقعہ انسانیت، امن اور قومی استحکام کے خلاف کارروائی ہے۔

پوری قوم اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد مکمل صحت یابی نصیب ہو۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی اور ملک میں امن، استحکام اور ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیموں کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی سلامتی کیلئے ان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں