فیصل کریم کنڈی 14

خیبر پختوانخواہ حکومت کو مشورہ ہے صوبہ لانگ مارچ کا متحمل نہیں ہو سکتا’ فیصل کریم کنڈی

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) گورنر خیبر پختوانخواہ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ باہمی دفاعی معاہدے میں پاکستان کی شمولیت بہت بڑا اعزاز ہے،پاکستان کو حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے چنا گیا،پاکستان، سعودیہ عرب اور ترکیہ نے کمال بھائی چارہ دکھایا،ایٹم بم کی وجہ سے دنیا ہم سے خوفزدہ ہے،لوگ بات کرتے ہیں کہ ہم دفاعی بجٹ پر اتنا خرچ کیوں کرتے ہیں،اس بات کا جواب گزشتہ سال مئی میں پاک فوج نے دشمن کو بد ترین جواب دے کر کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے اور تحفظ حرمین شریفین کے موضوع پر تقریب کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتیں برادر اسلامی ممالک کے تحفظ اور خطے کے امن و استحکام کے لیے اہم ہیں،پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ایمان، عقیدت، اخوت اور تاریخی رشتوں پر قائم ہیں،موجودہ عالمی حالات میں اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور باہمی تعاون پہلے سے زیادہ ضروری ہے،پاکستان کی مضبوط دفاعی صلاحیتیں ملکی دفاع کے ساتھ برادر اسلامی ممالک کے تحفظ کی بھی ضامن ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اعزاز حاصل ہے کہ امریکی صدر بھی ان سے ملنے کے خواہاں ہیں،پاکستان کے خلیجی ممالک سے برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوںنے کہا کہ خیبر پختوانخواہ کی فورسز بھی روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہے ہیں،ہماری فورسز نے سرحدیں سنبھالی ہوئی ہیں،سیاست میں مخالفت چلتی رہتی ہے،ہم سب کی صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں،صوبائی حکومت کو یہی مشورہ ہے کہ صوبہ لانگ مارچ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوںنے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالت نے سزا دی ہے،ریلیف بھی عدالت سے ملے گا،احتجاج اور دھرنے کا منصوبہ بنانے سے ریلیف نہیں ملتا،خیبر پختوانخواہ کی صوبائی حکومت خوش قسمت ہے جسے ذمہ دارانہ اپوزیشن ملی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں