محمد جاوید قصوری 12

حکومت نے ریلیف نہ دیا تو ملتان سے اسلام آباد مارچ دوبارہ شروع ہوگا’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ویراعظم کی جانب سے ریلیف کی یقین دہانی پر حکومت کو موقع دیا گیا ہے تاہم اگر وطن واپسی پر حکومت نے ریلیف دینے کا کام نہ کیا تو احتجاجی تحریک دوبارہ تیز کرتے ہوئے اسلام آباد مارچ کا آغاز کیا جائے گا،عوام کے حقوق کے لیے پرامن اور منظم جدوجہد جاری رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف 510 مقامات پر منظم احتجاج کیا، 42 شہروں میں ایک ماہ سے زائد عرصہ دھرنے دیے اور کراچی سے ٹرین مارچ کا آغاز بھی کیا گیا۔ جماعت اسلامی کا دوٹوک مطالبہ پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہے۔

ایک لیٹر پٹرول پر بھاری لیوی کسی صورت قابل قبول نہیں، جبکہ حکومتی ریلیف کا عام آدمی کو خاطر خواہ فائدہ نہیں پہنچ رہا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کے خلاف بھی بھرپور تحریک چلائی اور حکومت کو عوامی مسائل پر عملی اقدامات پر مجبور کیا۔ مذاکرات کے دوران حکومت کو لیوی ختم کرنے کے متبادل کے طور پر محصولات میں اضافہ اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے متعدد تجاویز پیش کی گئیں، جن میں شرح سود میں کمی، آئی پی پیز سے حاصل بچت کو عوامی فلاح پر خرچ کرنا، آئل ریفائنریز کے منافع میں کمی، حکومتی اخراجات اور شاہ خرچیوں میں کمی سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ ملک پر مسلط مفاداتی طبقات، مافیاز اور حکمران اشرافیہ نے عوام کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔

کسان، مزدور، نوجوان اور طلبہ مسائل کا شکار ہیں۔ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور کارکنان عوام کو متحرک کرنے کے لیے بھرپور محنت کریں۔ انہوں نے کہا کہ بانی جماعت اسلامی سید ابوالاعلیٰ مودودی نے استقامت اور اقامت دین کی جدوجہد کا درس دیا، جماعت اسلامی اسی نظم و استقامت کے ساتھ اپنے اہداف کے حصول کے لیے آگے بڑھتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں