محمد جاوید قصوری 6

حکومت ایران کے ساتھ تجارتی معاہدوں کی تکمیل کے لئے عملی اقدامات کرے ‘ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ دنیا کے تمام ممالک اپنے قومی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے اپنی تجارتی اور معاشی پالیسیاں مرتب کرتے ہیں اور بدلتے ہوئے عالمی حالات کے مطابق اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دیتے ہیں،

پاکستان کو بھی اپنی معاشی مشکلات سے نکلنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حقیقت پسندانہ اور قومی مفاد پر مبنی پالیسیاں اختیار کرنا ہوں گی، حکومت محض بیانات اور اعلانات تک محدود رہنے کے بجائے عملی اقدامات کرے اور ایران کے ساتھ تجارتی معاہدوں کی تکمیل کو یقینی بنائے،دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر نہ صرف ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے بلکہ عوام کو بھی مہنگائی کے بوجھ سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات سمیت دیگر ضروری تجارتی اشیا کی خرید و فروخت کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اگر حکومت سنجیدگی کے ساتھ اس جانب پیش رفت کرے تو توانائی کے شعبے میں اخراجات کم کیے جا سکتے ہیں اور اس کے مثبت اثرات براہ راست عام آدمی تک پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی مفاد کے معاملات میں سیاسی مصلحتوں اور غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جانا چاہیے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔ بجلی، گیس، پٹرول اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ تنخواہ دار طبقہ، مزدور، کسان اور چھوٹے کاروباری طبقے کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بے روزگاری میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رہی سہی کسر مختلف مافیاز کی لوٹ مار نے پوری کر دی ہے جنہوں نے پورے نظام کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکومت قومی معیشت کی بہتری، علاقائی تجارت کے فروغ اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کرے تاکہ مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کو ریلیف مل سکے اور ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں