جیا علی 15

جیا علی کا والدہ کے انتقال پر اہم انکشاف، صدمہ قبول کرنے میں 4 دن لگے

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستانی اداکارہ و ماڈل جیا علی نے اپنی والدہ کے انتقال اور اس کے بعد پیش آنے والی ذہنی کیفیت کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جیا علی اپنی والدہ کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں، انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ کی شادی صرف 16 برس کی عمر میں ہوئی تھی اور وہ پانچ بچوں کی ماں تھیں۔

اداکارہ کے مطابق ان کی والدہ نے خاندان کی کفالت اور بچوں کی پرورش کے لیے طویل عرصے تک کام کیا، جس کے باعث وہ اپنی صحت پر خاطر خواہ توجہ نہ دے سکیں۔جیا علی نے بتایا کہ والدہ زندگی کے آخری برسوں میں شدید علیل رہیں اور ایک موقع پر کومے میں بھی چلی گئی تھیں، والدہ کی بیماری اور آخری ایام کو اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھنا ان کے لیے انتہائی تکلیف دہ تجربہ تھا۔

آبدیدہ ہوتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ انہیں آج بھی اس بات کا افسوس ہے کہ وہ اپنی والدہ سے کبھی کھل کر محبت کا اظہار نہیں کر سکیں، حالانکہ ان کی والدہ نے بچوں اور خاندان کے لیے بے شمار قربانیاں دیں۔جیا علی کے مطابق انہیں والدہ کے انتقال کی خبر اسلام آباد میں ملی، تاہم وہ فوری طور پر اس حقیقت کو قبول نہ کر سکیں اور ایک عجیب ذہنی کیفیت میں چلی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ والدہ کی تدفین کے لیے لاہور نہ جا سکیں اور کام کے سلسلے میں کراچی چلی گئیں، اس دوران اہلِ خانہ ان سے رابطہ نہ کر سکے، جس کے باعث والدہ کی تدفین دو روز بعد کردی گئی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس دوران نہ وہ رو سکیں اور نہ ہی مناسب ردِعمل دے سکیں، جبکہ انہیں یہ حقیقت تسلیم کرنے میں تقریباً چار دن لگے کہ ان کی والدہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔

جیا علی نے کہا کہ والدہ کے انتقال کے بعد کا دور ان کی زندگی کے مشکل ترین ادوار میں سے ایک تھا، انہوں نے انکشاف کیا کہ اس صدمے کے بعد انہیں ایلوپیشیا، یعنی بال جھڑنے کی بیماری، اور ڈپریشن کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں