مراد علی شاہ 14

جمہوریت صرف انتخابات نہیں، مسلسل عوامی شمولیت اور جوابدہی کا عمل ہے، مراد علی شاہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جمہوریت عوام کی آواز، شمولیت اور اجتماعی فیصلوں کا نام ہے، جمہوریت صرف انتخابات تک محدود نہیں بلکہ مسلسل عوامی شمولیت، جوابدہی اور عوامی خدمت کا عمل ہے۔

عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہر شہری کی آواز اہم ہے، عوام کے حق حکمرانی کو یقینی بنانا ہی حقیقی جمہوریت ہے۔ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کے لیے عوامی شمولیت، آئین کی بالادستی اور مضبوط ادارے ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کی خوبصورتی ہے، مکالمے اور باہمی احترام سے معاشرہ مضبوط ہوتا ہے، جبکہ نوجوانوں، خواتین اور معاشرے کے تمام طبقات کی جمہوری عمل میں شمولیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جمہوری جدوجہد ملک کی سیاسی تاریخ کا اہم باب ہے، پارٹی نے ہمیشہ جمہوری اقدار، عوامی حقوق، آئین، پارلیمان اور عوامی حاکمیت کا دفاع کیا ہے۔

تحریک بحالی جمہوریت (ایم آر ڈی) بھی سندھ کی جمہوری جدوجہد کا اہم باب ہے، جس میں سندھ کے عوام اور سیاسی کارکنوں نے آمریت کے خلاف جمہوریت کی بحالی اور آئین کی بالادستی کے لیے تاریخی قربانیاں دیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام میں جمہوری شعور اجاگر کیا اور ملک کو متفقہ آئین 1973 کا تحفہ دیا، جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آمریت کے خلاف بہادری سے جدوجہد کرتے ہوئے عوامی حاکمیت کا پرچم بلند رکھا۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے ”پاکستان کھپے” کا نعرہ لگا کر قومی اتحاد اور جمہوری نظام کے استحکام کا پیغام دیا، جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جمہوری اداروں کی مضبوطی ہی پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ جمہوری اقدار، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کو مزید مضبوط کیا جائے گا، جبکہ جمہوریت کے اداروں اور اقدار کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں