مرتضیٰ وہاب 15

جشنِ آزادی پر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پرچم کشائی، میئر کراچی کی قوم کو مبارکباد

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)یومِ آزادی کے موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مرکزی عمارت میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے قومی پرچم لہرایا اور پوری قوم بالخصوص دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو جشنِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ تقریب میںسٹی کونسل کے اراکین، منتخب نمائندوں، محکمہ جاتی سربراہان اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران و ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی،

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ایک عظیم نعمت ہے، اس کی حقیقی قدر ان اقوام سے پوچھی جا سکتی ہے جو آزادی جیسی نعمت سے محروم ہیں، یومِ آزادی ہمیں اپنے وطن سے محبت، وفاداری اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے عملی کردار ادا کرنے کا پیغام دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ آزادی کی خوشی صرف 14 اگست تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ ہمیں پورا سال اپنے وطن کی خدمت اور اس کی سربلندی کے جذبے کے ساتھ گزارنا چاہیے،

پاکستان کی خودمختاری اور سا لمیت کے خلاف کسی بھی اقدام کا پوری قوم متحد ہوکر مقابلہ کرے گی اور وطن عزیز کے دفاع کے لیے پاکستانی قوم ایک مضبوط دیوار کی مانند کھڑی ہوگی،انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر میں بلدیاتی خدمات فراہم کرنے والا ایک اہم اور بڑا ادارہ ہے، اس کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا ہماری بنیادی ترجیحات میں شامل ہے، کے ایم سی کے افسران اور ملازمین شہریوں کی خدمت کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے محنت، خلوص اور لگن کے ساتھ فرائض انجام دیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور ریلیف فراہم کیا جاسکے، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے دیرینہ اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جارہے ہیں،

شہریوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے مربوط منصوبہ بندی اور مؤثر حکمت عملی کے تحت مختلف اقدامات جاری ہیں، ہماری کوشش ہے کہ بلدیاتی نظام کو مزید فعال بنا کر شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں،انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کے نتیجے میں پاکستان ایک آزاد ریاست کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر ابھرا۔ یہ دن ہمارے لیے اتحاد، ایثار، جدوجہد اور وطن سے وفاداری کے عزم کو تازہ کرنے کا موقع ہے، پاکستان کے قیام کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے مثال قربانیاں دیں اور ہمیں اس آزادی کی حفاظت اور قدر کرنا ہوگی، انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے ضروری ہے کہ ہم تمام لسانی، نسلی اور دیگر تفریق سے بالاتر ہوکر قومی یکجہتی کو فروغ دیں۔

ملک کی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب ہر شہری اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے تعمیرِ وطن میں اپنا حصہ ڈالے،انہوں نے کہا کہ حق، انصاف اور اصولوں کی پاسداری ہماری قومی زندگی کا اہم حصہ ہے، ہمیں آنے والی نسلوں کے لیے ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال پاکستان تشکیل دینا ہے۔ یومِ آزادی ہمیں یہ عہد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے ملک کی ترقی اور سلامتی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے،تقریب کے اختتام پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ہمیشہ عزت، وقار، امن اور ترقی کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں