خالد مقبول صدیقی 9

کراچی مکمل پاکستان بھی اور منی پاکستان بھی ہے، خالد مقبول صدیقی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی مکمل پاکستان بھی ہے اور منی پاکستان بھی، ہم خوش نصیب ہیں کہ ہمیں آزادی ملی، تاہم بدقسمتی یہ ہے کہ ہم نے اس کی قدر نہیں کی، آزادی کی قیمت صرف ہم نے ادا کی ہے اس لیے اس کی قدر بھی ہمیں ہی ہے۔

یومِ آزادی کے موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے فائیو اسٹار چورنگی پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران قومی جذبے کا اظہار کیا گیا اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے عزم کا اعادہ کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کا قیام بڑی قربانیوں کا نتیجہ ہے اور کراچی نے بھی قیامِ پاکستان اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی مختلف قومیتوں، زبانوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا شہر ہے، اسی لیے اسے منی پاکستان کہا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی کے حصول کے لیے ہمارے بزرگوں نے بڑی قربانیاں دیں، ہمیں اس آزادی کی قدر کرتے ہوئے ملک کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان کو اجارہ داری سے آزاد کروانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جب اجارہ داری ختم اور شراکت داری شروع ہوگی تو حقیقی آزادی کا مقصد پورا ہوگا۔فاروق ستار نے کہا کہ ملک میں انتظامی یونٹس قائم کیے جائیں اور عوام کو اپنے علاقوں کے انتظامی امور میں مؤثر اختیار دیا جائے، اسی صورت میں شہری مسائل بہتر انداز میں حل ہوسکیں گے۔ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفی کمال نے کہا کہ جو حقیقی آزادی عوام کو ملنی چاہیے تھی وہ ابھی حاصل نہیں ہوئی اور گلی محلوں کے عوام کو اپنے معاملات میں مطلوبہ اختیار نہیں مل سکا۔ انہوں نے کہا کہ آج شہریوں کو کوٹا نظام کے مسائل کا بھی سامنا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ جعلی ڈومیسائل بنا کر شہریوں کے حقوق متاثر کیے جاتے ہیں، جبکہ عوام کی شکایات اور ماؤں کی فریادوں کو نظر انداز کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام کے ذریعے پاکستان کو مؤثر انداز میں نہیں چلایا جاسکتا۔مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان میں آئینی طور پر انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر ہوگیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ یومِ آزادی تک عوام کو انتظامی اور سیاسی اختیارات کے حوالے سے مزید پیش رفت دیکھنے کو ملے گی۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شرکا نے قومی پرچم لہراتے ہوئے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں