سردار ایاز صادق 8

بچوں کے حقوق کا تحفظ، معیاری تعلیم، صحت اور محفوظ ماحول کی فراہمی مشترکہ ذمہ داری ہے ، سردار ایاز صادق

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے بچوں کے حقوق کا تحفظ، معیاری تعلیم، صحت اور محفوظ ماحول کی فراہمی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،بچے کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کے ضامن ہوتے ہیں۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو تعلیم، صحت اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے،معیاری تعلیم، صحت، غذائیت اور محفوظ ماحول بچوں کی بہتر نشوونما کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ا نہوںنے کہاکہ غربت، کم عمری میں مشقت، تشدد اور تعلیم سے محرومی بچوں کے مستقبل کے لیے سنگین چیلنجز ہیں،بچوں کی رائے کو اہمیت دینا مہذب اور ذمہ دار معاشرے کی پہچان ہے۔ سپیکر نے کہا کہ پارلیمانی کاکس برائے حقوقِ اطفال بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو خوف، تشدد، استحصال اور امتیازی سلوک سے پاک محفوظ ماحول فراہم کرنا ضروری ہے،پارلیمان بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی اور مثر نگرانی کا عمل جاری رکھے گی۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ بچوں کے روشن مستقبل کے لیے حکومت، والدین، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور میڈیا کو مل کردار ادا کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں