کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پاکستان رینجرز کے کیمپ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا کر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور فرض شناسی کا عملی ثبوت دیا۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے محافظ ہر مشکل گھڑی میں قوم کے دفاع کے لیے ثابت قدم کھڑے ہیں اور ان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے تین اہلکاروں کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے شہدا کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے اہلِ خانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی دہشت گردوں کے خلاف سینہ سپر فورسز کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس بزدلانہ فعل سے واضح ہوتا ہے کہ عالمی سطح پر، خصوصا سفارتی محاذ پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی پذیرائی اور کامیابیاں دشمن عناصر کو ہضم نہیں ہو رہیں،
تاہم ایسے حملے پاکستان کے عزم اور قومی یکجہتی کو کمزور نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے وطن کی سلامتی، دفاع اور دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک قوم اور سیکیورٹی ادارے متحد ہو کر جدوجہد جاری رکھیں گے۔









