بلاول بھٹو 9

بلاول بھٹو زرداری کا بڈو گوٹھ میں محرم الحرام کے جلوس کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ضلع شکارپور کے علاقے بڈو گوٹھ میں محرم الحرام کے جلوس کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تعزیتی بیان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جلوس کے دوران علم کا بجلی کے تاروں سے ٹکرا جانا انتہائی المناک واقعہ ہے، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے 8 عزاداروں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل دے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ عوامی اجتماعات اور مذہبی جلوسوں کے دوران حفاظتی اقدامات کو مزید مثر بنایا جائے۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور اجتماعات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں