اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ برداشت، رواداری اور باہمی احترام مہذب معاشرے کی بنیادی اقدار ، پائیدار امن، قومی یکجہتی اور سماجی استحکام کی ضمانت ہیں۔
سیکرٹریٹ قومی اسمبلی کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے برداشت کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کیا،جو ہر سال 16 نومبر کو منایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات کو تحمل، مکالمے اور باہمی احترام کے ذریعے حل کرنا ہی باشعور اور ترقی پسند معاشرے کی پہچان ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان مذہبی، ثقافتی، لسانی اور تہذیبی تنوع کا حامل ملک ہے جہاں تمام شہریوں کو آئین کے تحت مساوی حقوق اور مذہبی و سماجی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے عقائد، نظریات اور ثقافتی روایات کا احترام قومی ہم آہنگی اور اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ معاشرے سے تعصب، نفرت، عدم برداشت اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے اجتماعی شعور اور مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا ہوگا۔سپیکر نے کہا کہ ذرائع ابلاغ اور سماجی و تعلیمی ادارے برداشت، رواداری اور مثبت معاشرتی رویوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں کہا کہ نوجوان نسل میں مکالمے، تحمل، برداشت اور دوسروں کے نقط نظر کو سمجھنے کی صلاحیت پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے ایسے معاشرے جہاں ہر شہری کو اپنی رائے کے اظہار، اپنی شناخت برقرار رکھنے اور عزت و وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کے مساوی مواقع حاصل ہوں ،کی تشکیل کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمان جمہوری اقدار، آئینی حقوق، مذہبی آزادی اور سماجی انصاف کے تحفظ کا مثر فورم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے تاہم قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے درمیان مکالمے، مشاورت اور افہام و تفہیم کی روایت کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے کو تصادم اور محاذ آرائی کے بجائے دلیل، برداشت اور تعمیری مکالمے کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ برداشت اور رواداری معاشرتی امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف طبقات کے درمیان باہمی احترام، اعتماد اور ہم آہنگی کو فروغ دے کر سماجی تقسیم، عدم برداشت اور تنازعات کی حوصلہ شکنی کی جا سکتی ہے۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ برداشت کا عملی مظاہرہ ہمارے روزمرہ رویوں، طرزِ گفتگو اور دوسروں کے نقط نظر کو قبول کرنے کے انداز سے ظاہر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے ایسا معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے جہاں اختلافات کو تصادم کے بجائے مکالمے سے حل کیا جائے اور ہر شہری کو بلاامتیاز عزت، تحفظ اور مساوی مواقع میسر ہوں۔









