اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)بانی پی ٹی آئی کے علاج معالجے و ہسپتال منتقلی کے معاملے پر ان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خان کی دوسری توہینِ عدالت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی گئی۔ڈاکٹر عظمیٰ خان کی جانب سے بانء پی ٹی آئی سے ملاقات اور بچوں سے بات نہ کروانے پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔درخواست میں 18 اگست کے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے، عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے اور بانی کو بیٹوں سے فون کالز کی سہولت نہ دینے کا الزام لگایا گیا ہے۔
درخواست میں ڈاکٹر عظمیٰ خان، علیمہ خان اور قاسم زمان کو ملاقات سے روکنے کا الزام بھی شامل ہے۔توہینِ عدالت کی درخواست کے ساتھ اضافی دستاویزات بھی جمع کروائی گئی ہیں اور اضافی دستاویزات کے لیے 2 متفرق درخواستیں بھی دائر کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ 22 اگست کو بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔سپریم کورٹ میں درخواست عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجہ کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔









