رانا ثناء اللہ 16

بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کی بحالی کا فیصلہ ان کے رویے پر منحصر ہو گا،رانا ثنا اللہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریکِ انصاف کے دونوں وکلا نے ان سے ملاقات کی ہے اور انہیں لانگ مارچ نہ کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کی، بانی پی ٹی آئی کو ہر طرح کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملاقاتوں پر پابندی اس لیے لگائی گئی تھی کیونکہ بانی پی ٹی آئی ان ملاقاتوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا آئندہ رویہ کیا ہو گا؟ اس کا فیصلہ آنے والے دنوں میں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے ملاقات کے بعد سیاسی گفتگو کی جو آئندہ ملاقاتوں میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ریفرنڈم پارلیمنٹ نے کروانا ہے، یہ معاملہ ابھی تک پارلیمنٹ میں پیش ہی نہیں ہوا، اگر ریفرنڈم ہو بھی جائے تو حتمی فیصلہ پارلیمنٹ نے ہی کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ معاملہ پارلیمنٹ میں آنے پر حکومتی پالیسی بیان دیا جائے گا اور اس پر بحث بھی ہو گی۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے گزشتہ رات گفتگو میں کہا تھا کہ یہ سازشی تھیوری غلط ہے کہ 28 ویں ترمیم کیلئے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی گئی ہے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف اپیل کا فیصلہ جس دن آئے گا، اس دن سازشی نظریات اور ابہام کا خاتمہ ہوجائے گا۔رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ ہم سے اداروں کی دوری نہ ہوئی ہے اور نہ کبھی ہوسکے گی، ہمارے اعتماد کی بنیادی وجہ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی شخصیات ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں