نئی دہلی (رپورٹنگ آن لائن) بھارتی اداکارہ حنا خان نے بالی ووڈ سپر سٹار عامر خان کی گوری سپراٹ سے تیسری شادی پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے ان کی عوامی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے۔
36 سالہ اداکارہ نے اپنی پوڈکاسٹ کے ایک حالیہ ایپی سوڈ میں گفتگو کے دوران عامر خان کی نئی ازدواجی زندگی پر تبصرہ کیا، اس موقع پر ان کے ساتھ موجود مہمان روبینا دلیق نے کہا کہ کسی بھی معروف شخصیت کی ذاتی زندگی عوام کی اس کے کام سے متعلق رائے پر اثر انداز ہوتی ہے۔
اس پر حنا خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہی منطق درست ہے تو پھر عامر خان کی کوئی بھی فلم کامیاب نہیں ہونی چاہیے، کیا گوری سے ان کی شادی کم متنازع ہے؟ ایک عام شخص یہی سوچے گا کہ واقعی، پھر سے شادی؟ ایک اور رشتہ بھی ختم کر دیا؟ ہمارے معاشرے میں بار بار شادی کرنا اچھا نہیں سمجھا جاتا۔
حنا خان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عامر خان کی گوری سپراٹ سے شادی سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے اور مختلف صارفین اس پر اپنی آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ عامر خان نے 5 جولائی کو گوری سپراٹ سے سادہ تقریب میں شادی کی، اس سے قبل انہوں نے 1986 میں رینا دتہ سے پہلی اور 2005 میں کرن راؤ سے دوسری شادی کی تھی۔









