جے ڈی وینس 5

ایران نے کشیدگی بڑھائی تو تشدد کا جواب تشدد سے دیا جائیگا: امریکہ کی دھمکی

واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی یا کشیدگی بڑھانے کی کوشش کی تو تشدد کا جواب تشدد سے دیا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران نے جنگ بندی معاہدے پر دستخط کئے تھے اور امریکہ نے اس کی مکمل پاسداری کی ہے۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ اگر ایران کو مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر کوئی اعتراض ہے تو وہ براہ راست رابطہ کر سکتا ہے۔

امریکی نائب صدر جو امریکہ کی مذاکراتی ٹیم کی قیادت بھی کر رہے ہیں نے زور دے کر کہا کہ واشنگٹن اپنے وعدوں کا پابند ہے، تاہم کسی بھی جارحانہ اقدام کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ادھر ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایران پر کئے گئے حالیہ امریکی حملے خلیج میں ایک بحری جہاز پر ڈرون حملے کا ردعمل ہیں جس کا الزام امریکا نے تہران پر عائد کیا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق واشنگٹن ایران کی جانب سے کسی بھی نئی اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کرے گا اور خطے میں اپنے مفادات اور اتحادیوں کے دفاع کے لئے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں